یوم دفاع : چئیر مین سینٹ کا پیغام

0

اسلام آباد۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ہماری بہادر مسلح افواج کو شاندار جرات و بہادری پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 6 ستمبر کو یو م دفاع کے طور پر ملک بھر میں جوش وجذبے سے منایا جاتا ہے۔ اس دن ہمارے بہادر سپوتوں نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے لازوال قربانیاں پیش کیں تھیں۔ یہ دن ہمیں تاریخ کے اُن فیصلہ کُن لمحات کی یاد دلاتا ہے جب جذبہ محب الوطنی سے سرشار پوری قوم نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ ایک سیسہ پلائی دیوار بن گئی اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ آج کے دن ہم ان شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہماری تاریخ میں اپنی بہادری، ہمت اور قربانی سے سنہرے حروف میں ایک نیا باب رقم کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ہماری آزادی کا عزت و وقار کے ساتھ دفاع کیا۔
ہمیں اس بات کو بھی یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان کو پیچیدہ اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے۔ اکیسوی صدی کی جنگ کے خدوخال تبدیل ہو کر ففتھ جنریشن وار فیئر کی شکل اختیار کر چکے ہیں جو کہ عام جنگ سے بہت مختلف ہے اور نئی اقسام کے خطرات کو سامنے لائی ہے۔ پاکستان کے دشمن ہمارے لئے اندرونی محاذ کھول کر ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں جہاں مذہبی انتہا پسندی، فرقہ واریت اور قوم پرستی کی قوتیں نہ صرف ہماری ترقی کی راہ میں حائل ہیں بلکہ ہماری نظریاتی اساس اور قومی بقاکے لئے خطرہ ہیں۔ ہمیں اپنے آباؤ اجدادکی اُس سوچ کو اپنانے کی ضرورت ہے جس میں انہوں ایک ایسے معاشرتی و سیاسی نظام اور ترقی پسند اسلامی مملکت کا خواب دیکھا تھا جہاں لوگ ذات، نسل اور مذہب کے فرق سے بالاتر ہو کر آپس میں مل جل کر رہیں۔
آج کا دن اس بات کا متقاضی بھی ہے کہ ہم افواج پاکستان کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو یاد رکھیں جو کہ پچھلی سات دہائیوں سے بھارتی نا انصافیوں اور اُن کے ظلم و تشدد کا شکار ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیر کے اہم مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے اور کشمیریوں کو ان کا حق آزادی ملنا چاہیے۔ قومی جذبے اور ولولے سے مالا مال پاکستان کی مسلح افواج اپنی بہادری اور قربانی کی درخشاں روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو درپیش تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ آج کے دن عہد کریں کہ 1965ء جیسی قومی اخوت اور بہادری کے جذبے کے ساتھ ہم تمام مشکلات کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کریں اور پاکستان کو ترقی کی نئی منازل کی جانب لے جائیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ افواج پاکستان زندہ بادپاکستان پائندہ باد۔

About Author

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *