پاک فوج کے جوانوں نے قربانیاں دے کے دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا


6ستمبر1965ء کے دن افواج پاکستان نے جانوں کی قربانیاں دے کر دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔ بدر منیر اسلام ایڈووکیٹ
پنڈی بھٹیاں ( بیورو چیف ڈاکٹر عابد الہی ہنجرا ) تفصیلات کے مطابق
پنڈی بھٹیاں پریس کلب کے چیئرمین بدر منیر اسلام ایڈووکیٹ اور صدر پنڈی بھٹیاں پریس کلب انوار اللہ گورائیہ نے یوم دفاع کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6ستمبر1965ء کے دن افواج پاکستان نے جانوں کی قربانیاں دے کر دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا تھا۔ہر سال یہ دن انہی شہداء کی یاد میں منایا جاتا ہے، یوم دفاع دراصل پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے عزم کا دن ہے، افواج پاکستان نے ہمیشہ ملکی دفاع کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں قوم کو پاک فوج کی ان قربانیوں پر فخر ہے، آج ایک بار پھر 6 ستمبر 1965ء کے جذبہ جہاد اور اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، انہوں نے مذید کہا کہ قوم تمام شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے اتحاد و یکجہتی اور مضبوط قوت ارادی کے ذریعہ قوم نے پاک فوج سے ملکر بھارتی حکمرانوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور دفاع پاکستان کے لئے قربانیوں کی تاریخ رقم کی، آج کی نوجوان نسل کو 1965ء میں پاک بھارت جنگ کے دوران پیدا ہونے والے حالات سے روشناس کرانے کی اہم ضرورت ہے کہ کس طرح پاک فوج نے اپنے سے10گنا بڑے دشمن کو شکست دی اور اس کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کیا، 1965ء کی جنگ کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے اپنے جسموں کے ساتھ بم باندھ کر بھارتی ٹینکوں کے پرخچے اڑائے اور دشمن ناصرف لاشیں چھوڑکر بھاگا بلکہ اسے میدان جنگ میں بھاری مالی وجانی نقصان اٹھانا پڑا، اس جنگ نے پاکستانی قوم کے جذبہ جہاد کو مضبوط کیا اور اتحاد کی بنیادپر دشمن میدان چھوڑنے پر مجبور ہوا، آج ایک بار پھر پاکستان کو چاروں اطراف سے خطرات نے گھیر رکھا ہے، آج کی جنگ معیشت اور سفارتی محاذ پر لڑی جارہی ہے علمی محاذ پر بھی دشمن سرگرم ہے پاکستانی قوم نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قوم نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور دفاع کے لئے ہر طرح کی قربانی دی ہے اب بھی اگر دشمن نے پاکستان کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو نہ صرف اس کے ارادے ناکام ہونگے بلکہ ایسا مزہ چکھائیں گے کہ دشمن اپنی آنے والی نسلوں کو وصیت کرے گا کہ پاکستانی قوم اور فوج کے ساتھ ٹکر نہ لیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے پیٹ پر پتھر باندھ باندھ کر غربت اور جہالت برداشت کرکے ایٹم بم بنایا، یہی ایٹم بم دشمن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اگر اس ایٹم بم کے ساتھ اندرونی سیاسی استحکام، مضبوط معیشت اور یکجہتی بھی شامل ہوجائیں تو پاکستان پوری دنیا کا لیڈر بن سکتا ہے آج کے دن اس عہد کی تجدید کی ضرورت ہے کہ جب بھی دفاع وطن کے لئے جان و مال کی ضرورت پڑی تو ہر پاکستانی اپنی حیثیت سے بڑھ کر اس مقصد کے لئے جان ومال قربان کرنے کے لئے تیار ہے۔